سکھر(بیور ورپورٹ)ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے زیر اہتمام نویں اور دسویں جماعت کے جاری سالانہ امتحانات میں نویں جماعت کے بائیولاجی کے مضمون میں چیئرمین تعلیمی بورڈ سید مجتبیٰ شاہ کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی چیکنگ ٹیموں نے سکھر، گھوٹکی، نوشہروفیروز، خیرپور اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے 98 طلبہ وطالبات کو نقل کرتے ہوئے پکڑ کر ان کیخلاف کاپی کیس بنائے۔ناظم امتحانات عبدالسمیع سومرو کے مطابق سکھر کے امتحانی مراکز میں کارروائی کے دوران 20کاپی کیس کئے گئے جبکہ 2امیدواروں کو اصل طالبعلم کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑا گیا، گھوٹکی میں 15 کاپی کیس، 3امیدوار اصل طالبعلم کی جگہ، اور 12امیدواروں کو کاپی تبدیل کرتے ہوئے پکڑلیا گیا، خیرپور میں 24کاپی کیس، 1امیدوار کو اصل طالبعلم کی جگہ، 1طالبعلم کاپی تبدیل کرتے ہوئے اور نوشہروفیروز میں 20امیدواروں کو کاپی کیس کرتے ہوئے پکڑا گیا۔چیئرمین تعلیمی بورڈ سید مجتبیٰ شاہ نے ”جنگ“ کو بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ امتحانی مراکز کو نقل سے مکمل طور پر پاک کیا جائے۔