• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انڈومنٹ فنڈ کیلئے ایک ارب روپے کا اعلان

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے ایک ارب روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں ہمارے دور میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے اور آئندہ بجٹ میں اس کو مزید بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ غریبوں کیلئے سماجی تحفظ کا اہم پروگرام ہے اور توقع ہے کہ نئی حکومت بھی اس پروگرام کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ اعلان جمعرات کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈکوارٹر میں بی آئی ایس پی گریجویشن پروگرام اور بی آئی ایس پی انڈومنٹ فنڈ کے اجراءکے موقع پر خطاب کر تے ہو ئے کیا۔قبل ازیں انہوں نے ان پروگراموں کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن وزیر مملکت ماروی میمن، پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر، این آر ایس پی کے سربراہ شعیب سلطان خان اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری عمر حمید خان نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق افراد کی مدد کیلئے ہر وقت تیار ہے۔
تازہ ترین