ملک کے دیگر حصوں کی طرح کوئٹہ میں بھی مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈےکا تہوار منایا، اس موقع پر ملک کی سلامتی اورخوشحالی کےلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ گذشتہ سال دسمبرمیں خود کش حملےمیں جان کی بازی ہارنےوالوں کو یادکیاگیا اور اس دو روز بعد آنےوالا ایسٹرکا تہوار سادگی سےمنانے کا بھی اعلان کیاگیا۔
ایسٹر مسیحی برادری کا کرسمس کےعلاوہ بڑا تہوار ہے، مسیحی عقائد کے مطابق ایسٹر سے دو روزقبل مسیحی برادری چالیس روزوں کےبعد گڈفرائیڈے مناتی ہے، اس حوالے سے گرجاگھروں میں اس دن کی مناسبت سے اجتماعات ہوتے ہیں اور دعائیں کی جاتی ہیں۔
کوئٹہ میں مختلف مقامات پرواقع تیس سےزائد چھوٹے بڑے گرجا گھروں میں خصوصی اجتماعات منعقد ہوئے، ان اجتماعات میں نئے کپڑے پہنے بچوں اورخواتین سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر ملک کی سلامتی و خوشحالی کےلئے دعائیں کی گئیں جبکہ موقع کی مناسبت سے خصوصی گیت بھی گائے گئے، گڈفرائیڈے کی تقریبات میں شریک مسیحی برادری نے ایسٹر کےحوالےسےاپنی خوشی کا اظہار کیا۔
گڈفرائیڈے کےحوالےسے ایک بڑی تقریب میتھوڈسٹ چرچ میں ہوئی، یہ وہی چرچ ہے کہ جہاں گذشتہ سال سترہ دسمبر کو خود کش حملے میں مرد و خواتین سمیت نو افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 60 سےزائد زخمی ہوئے تھے۔ خود کش حملے کےبعد اس چرچ کی تزئین و آرائش کی گئی جس کےبعد اب یہ چرچ بحال کیاجاچکاہے۔
سانحہ میتھوڈسٹ چرچ کو یاد کرتے ہوئے اس میں بچھڑجانے والوں کےلواحقین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پیاروں کو بھولے نہیں ہے، نہ ہی بھول سکتےہیں، جو لوگ سمجھتے تھے کہ وہ چرچ کو نشانہ بناکر ہمیں خوفزدہ کرکے چرچ سے دور کردیں گے ایسا نہیں ہوسکتا۔
میتھوڈسٹ چرچ کےسانحہ میں جان کی بازی ہارجانےوالے ایک مسیحی گلزار ظفر بھٹی کے بیٹے رامےظفر بھٹی کا کہنا تھا کہ حملہ آور ہمیں ڈرانے دھمکانے آئے تھے مگر آج آپ خود دیکھ لیں کہ چرچ پہلے سے بھی زیادہ بھرا ہواتھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ سانحہ میتھوڈسٹ چرچ کی یاد میں چرچ انتظامیہ نے ایسٹرسادگی سے منانے کافیصلہ کیا۔
چرچ میں موجود ایک خاتون نیہا کا کہنا تھا کہ ہم نے گڈفرائیڈے اور ایسٹر کےلئے بڑی تیاری کی ہوئی ہے،ہم نے گڈفرائیڈے منایا ہے اور اب ایسٹر بھی اسی جوش وجذبے سے منائیں گے۔
سانحہ میتھوڈسٹ کےحوالےسےایک مسئلہ یہ سامنے آیا کہ تقریباچارماہ کاعرصہ گزرجانے کےباوجود اب تک سانحہ کےمتاثرین کو وفاقی وصوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کی رقم ادا نہیں کی گئی۔
اس حوالےسے صوبائی محکمہ داخلہ کےذرائع کا کہناتھا کہ وفاقی حکومت کی اعلان کردہ دو کروڑ پچاس لاکھ سےزائد رقم جاری ہوچکی ہے، مروجہ طریقہ کار کےتحت آئندہ ماہ کےاوائل تک متاثرین کو رقم کی ادائیگی کردی جائےگی۔
دوسری جانب صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رقم تاحال جاری نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے سانحہ میں مرنےوالوں کےلواحقین کےلئے فی کس دس لاکھ روپے اور زخمیوں کے لئے فی کس پانچ لاکھ روپے کااعلان کیا گیا تھا۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لئے گڈفرائیڈے کےموقع پر گرجا گھروں کےاندر اور باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے، جبکہ ایسٹر کےحوالےسےخصوصی سکیورٹی پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔
سکیورٹی پلان کےحوالےسےڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نےبتایا کہ ایسٹر کے موقع پر سکیورٹی کےاضافی انتظامات ہوں گے، پلان کے مطابق تمام گرجاگھروں اور دیگرمقامات پر پانچ ہزار سےزائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، ان کےعلاوہ ایف سی بھی مقرر ہوگی جبکہ تفریحی مقامات پر بھی سکیورٹی کا انتظام کیاگیاہے۔