• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرمبادلہ ذخائر میں کمی اور بیرونی قرضوں میں اضافہ تشویشناک ہے،اسد عمر

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے زر مبادلہ کے تیزی سے کم ہوتے ذخائر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حکومت کی معاشی کارکردگی کے حوالے سے اعدادوشمار کی نئی قسط جاری کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 16کروڑ80لاکھ ڈالرز کی کمی آئی ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے ختم ہونے سے لے کر اب تک زرمبادلہ کے ذخائر میں 7 ارب ڈالرز کی کمی آچکی ہے۔ اسی عرصے کے دوران پاکستان کے بیرونی قرضوں میں 18 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ سمجھ سے باہر ہے کہ اتنی گھمبیر اور بگڑتی صورتحال کے باوجود وزیروں کی فوج کیسے سکون کی نیند سوتی ہے۔ اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ زرمبادلہ کے تیزی سے سکڑتے ذخائر اور قرضوں کے حجم میں انتہائی تیزی سے اضافہ پریشان کن ہے۔ ملک قرض کی دلدل میں اتر رہا ہے اور حکومتی ٹولہ میاں صاحب کی کرپشن بچانے کیلئے جان مار رہا ہے۔ ملکی معیشت کیساتھ مجرمانہ برتائو کرنے والوں کا احتساب بھی وقت کا تقاضا ہے۔ ڈار صاحب سے پوچھا جانا چاہئے کہ کس کی ایما اور اشارے پر پاکستانی معیشت تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
تازہ ترین