• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سعودی عرب کے مختلف شہروں میںگردو غبار کا شدید طوفان

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت مملکت کے دیگر شہروں میں جمعے کو گردو غبار کا شدید طوفان آیا جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں حد نگاہ انتہائی متاثر رہی۔

اس صورت حال کے بعد سعودی وزارتِ صحت نے تمام اسپتالوں کو ہنگامی حالت نافذ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

ادھر محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مختلف شہرو ںمیں آج بھی غیر یقینی موسم رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق مملکت کے شمالی علاقوں میں گردو غبار کے طوفان کا آغاز ہوا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شمالی ریجن، حفر الباطن، رفحاء اور الجوف کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

گردو غبار کے طوفان کا رخ بعدازاں ریاض اور مشرقی ریجن سمیت کویت تک جاپہنچا۔

سعودی عرب کے مختلف شہروں میںگردو غبار کا شدید طوفان

جدہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت ساحلی علاقوں میں بھی جمعے کو گردو غبار کا موسم چھایا رہا، جدہ اور مکہ مکرمہ میں جمعرات اور درمیانی شب سے موسم گرد آلود ہونا شروع ہوگیا تھا۔

جمعے کی شام 5بجے کے بعد گرد و غبار کا طوفان شروع ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے شہر میں پھیل گیا، اس کی وجہ سے حد نگا ہ انتہائی متاثر ہوئی، جمعے کو چھٹی کے باوجود شہر میں ٹریفک انتہائی حد تک کم ہوگئی۔

ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ کے اعلامیےکے مطابق گردو غبار کے طوفان کے باوجود پروازوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی ہے، دن بھر حد نگاہ ایک ہزا رمیٹر سے زیادہ رہی جس کی وجہ سے پروازوں کا سلسلہ متاثر نہیں ہوا۔

ریاض میں جمعے کی نماز کے بعد گردو غبار کا طوفان شروع ہوا جس کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی متاثر ہوئی۔

ریاض میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کے اعلامیےمیں شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ریاض شہر سمیت المجمعہ، شقراء اور الخرج میں غبار کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہے۔

محکمہ شہری دفاع نے ہائی وے کا سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ اپنا سفر مؤخر کر دیں۔

ادھر وزارت صحت نے ریاض ، حفر الباطن ، شمالی حدود ریجن اور مدینہ منورہ میں تمام اسپتالو ںکو ہنگامی حالت نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، سرکاری اسپتالوں میں سانس کے شعبے کو ہائی الرٹ کیا گیا۔

مدینہ منورہ میں بھی جمعہ کو صبح سے موسم گرد آلود رہا، مدینہ منورہ کے رہائشیوں اور زائرین نے گردو غبار کے طوفان میں جمعہ کی نماز ادا کی۔

اطلاعات کے مطابق گردو غبار کے طوفان کی سب سے زیادہ شدت حفر الباطن میں دیکھی گئی جہاں حد نگاہ 100میٹر تک رہی۔

محکمہ ٹریفک نے حد نگاہ متاثر ہونے کی وجہ سے ٹریفک روک دیا،جبکہ ہنگامی حالت کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

حفر الباطن ایئرپورٹ نے متعدد پروازیں منسوخ کردیں جبکہ مختلف شہروں سے آنے والی پروازوں کا رخ ریاض کی جانب موڑ دیا۔

دوسری جانب موسمیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں گردو غبار کے طوفان کا سلسلہ نہ صرف جاری رہے گا بلکہ دیگر شہروں تک پھیل جائے گا۔

موسم کے جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ رواں ہفتے مملکت کے وسطی علاقوں کے علاوہ حائل، قصیم اور مدینہ منورہ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین