• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بٹیر کھائیں: پرندوں کا سفید گوشت زود ہضم ہوتا ہے

بٹیر کھائیں: پرندوں کا سفید گوشت زود ہضم ہوتا ہے

بٹیرمرغ زریں، جنگلی مرغ اورتیترخاندان کا ایک پرندہ ہے۔ بٹیرکا شکار ہمیشہ سےغذاکے لئے ہوتا رہا ہے،تاہم بیسویں صدی میں ایک فرانسیسی کُک نے اس پرندےکو اپنے پکوانوں کی وجہ سے بہت مشہورکردیا تھا۔ بٹیر کے گوشت کےساتھ بٹیرکا انڈہ بھی بہت مشہورہے۔بٹیر کا انڈہ دوسرے انڈوں سے دکھنے میں چھوٹا نظر آتا ہے۔یہ مرغی کے انڈے کےایک چوتھائی سائز کا ہوتا ہے۔ 

مگر افادیت میں دونوں برابر ہوتے ہیں۔بٹیرکا انڈہ تقریباً پوری دنیا میں کھا یا جا تا ہے۔ فرانس میں اسے ہلکے انداز میں بوائل کیا جا تا ہے، پھراسے بوائل کیےہوئے آلو کےساتھ فرائی کیا جا تا ہےاوراس کے بعد پنیر کے ساتھ فرائی کرکےکھا یا جا تا ہے۔ 

بٹیر کا گوشت اپنے ذائقہ اور افادیت کی وجہ سے بہت زیادہ کھایا جانے لگا ہے ۔ایک بٹیرکے اندر1.17پروٹین پایا جا تا ہے۔ یہ انسان کی روزانہ کی ضرورت کا2.3فیصد ہے۔ فرانسیسی پکوان میں بٹیرکوایک خاص اہمیت ہے اسے عام بٹیر کے نام سے جا ناجا تا ہے اس کے ساتھ ہی اسے جاپانی بٹیراورایشیائی بٹیربھی کہا جا تا ہے۔ 

ایک اندازے کے مطابق کہا جاتا ہے کہ جاپان میں اس پرندہ کوگیارہویں صدی سے ہی گھریلو پرندہ تسلیم کرلیا گیاتھا۔ بیسویں صدی میں جاپانی بٹیرکی پر ورش گوشت اورانڈے کے لئے کرنے لگے تھے۔ یہ پرندہ پیدائش کے چھہ ہفتے میں ہی انڈہ دینا شروع کردیتا ہے اورسال بھرمیں یہ تقریباً300سوانڈے دے دیتا ہے۔جنوبی امریکہ میں بھی بٹیرکو انڈے اورگوشت کے لئے پالا جا تا ہے۔ 

امریکی بٹیرسولہ ہفتہ سے قبل جنسی بلوغ کی عمر کو نہیں پہنچ پاتے اس لئے ان کا انڈہ جاپانی انڈے سےقدرے چھوٹا ہوتا ہے۔ہمارے ہاں پاکستان میں بھی بٹیر کے بنے پکوان بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں ۔بٹیر کے گوشت کو بھی باقی گوشت کی طرح خاص پسند کیا جانے لگاہے۔اس گوشت کے پکوان پکانا اور کھانا دعوتوں اور مختلف تقریبات کے ساتھ ساتھ روزمرہ کے کھانوں کا حصہ بن چکے ہیں۔ بٹیر کے گوشت سے بنے چند پکوانوں کی ریسیپی توجہ فرمائیں۔

بٹیر کھائیں: پرندوں کا سفید گوشت زود ہضم ہوتا ہے

فرائیڈ بٹیر

اجزاء

بٹیر۔ چھ سے آٹھ عدد

سرکہ۔ آدھا کپ

ہرا دھنیا۔ آدھی گٹھی

ہری مرچ ۔دو سے تین عدد

پودینہ ۔آدھی گٹھی

لال مرچ ۔دو کھانے کے چمچ( ﴿پسی ہوئی)

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿کُٹی ہوئی

دھنیا ۔آدھا چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا

ادرک لہسن کا پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ

بیسن ۔تین سے چار کھانے کے چمچ

زردے کا رنگ۔ ایک چٹکی

گھی ۔حسبِ ضرورت

ترکیب

1۔بٹیروں کو صاف کرکے سرکہ لگائیں اور ایک طرف رکھ دیں۔

2۔پھر ہرا دھنیا، پودینہ اور ہری مرچ کا پیسٹ بنا لیں۔

3۔اس کے بعد ایک مکسنگ بال میں ہرا پیسٹ، لال مرچ، کالی مرچ، پسا دھنیا، ادرک لہسن کا پیسٹ، بیسن اور زردے کا رنگ شامل کریں اور اچھی طرح مکس کرکے آدھے گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔

4۔اب ایک پین میں گھی گرم کرکے اس میں بٹیروں کو فرائی کرکے ٹشو پیپر پر نکالتے جائیں، تاکہ اُن کا سارا تیل خشک ہو جائے۔

5۔تیار ہونے پر انھیں ڈش میں نکال کر گرم گرم سرو کریں۔

بٹیر کا سوپ

اجزاء

چاول۔ نصف چھٹانک

بٹیر کا گوشت۔ ایک پاؤ

نمک۔ ایک چمچ چائے کا

سیاہ مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

پانی ۔حسب ضرورت

ترکیب

بٹیر ذبح کر کے چار چار ٹکڑے بنا لیں۔ سوس پین میں بٹیر کا گوشت، نمک، سیاہ مرچ، چاول اور ایک ٹکڑا پیاز کا ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔ جب پانی آدھا رہ جائے تو اتار لیں ۔ چھان لیں اور گرم گرم سرو کر یں۔

بٹیر پلاؤ

اجزاء

بٹیر8۔عدد

چاول۔ 300 گرام

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ 2 کھانے کے چمچ

پیاز۔2عدد

دہی۔ ایک پاؤ

تیز پتے۔3 عدد

لونگ۔ 5عدد

بڑی الائچی۔ 4عدد

دار چینی۔2 اسٹک

ثابت زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

ثابت کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

کُٹی کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

پسی لال مرچ۔2کھانے کے چمچ

ثابت دھنیا۔2/1چائے کا چمچ

چکن کیوب۔1 عدد

ہری مرچ۔3 ۔2عدد

ہرا دھنیا ۔ 2/1گٹھی

زردے کارنگ۔ ایک چٹکی

گھی۔ 1/2کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب۔

بٹیروں کو صاف کرکے دہی لگائیں اور ایک طرف رکھ دیں۔پھر انہیں دھو لیں۔

ایک پین میں گھی گرم کرکے پیاز براؤن کرلیں اور آدھی پیاز نکال کر ایک طرف رکھ دیں۔اب اس گھی میں تیز پتے، لونگ ، بڑی الائچی،دارچینی، ثابت زیرہ اور ثابت کالی مرچ ڈال کر کڑ کڑا لیں۔ 

پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ شامل کرکے بھونیں اور بٹیر شامل کریں۔اب اس میں کٹی کالی مرچ،پسی لال مرچ، ثابت دھنیا پاؤڈر، چکن کیوب، ہری مرچ، پودینہ، ہرا دھنیا اور نمک ڈال کر بھون لیں۔ پھر چکن کیوب اور حسبِ ضرورت پانی ڈال کر اتنا پکائیں کہ یخنی بن جائے۔ اب اس میں چاول شامل کرکے مکس کریں اور پکائیں۔جب چاول تیار ہوجائیں تو دم لگاتے وقت آدھی بچی ہوئی پیاز اور زردے کا رنگ ڈال کر دم دے دیں۔آخر میں اسے ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

چلی گارلک بٹیر

اجزاء

بٹیر۔ چھ عدد، پیاز ۔ایک عدد ﴿درمیانی، شملہ مرچ ۔ایک عدد،ہری پیاز۔ ایک عدد، ہری مرچ۔ تین سے چار عدد، ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ( ﴿باریک کٹا ہوا)،تیل ۔تین کھانے کے چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ، کڑی پتے ۔چند عدد، لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ، چلی گارلک سوس۔ دو کھانے کے چمچ، ٹومیٹو کیچپ۔ دو کھانے کے چمچ، اویسٹر سوس۔ دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

ترکیب۔

1۔پہلے پیاز، شملہ مرچ، ہری پیاز، ہری مرچ اور ہرا دھنیا کو اچھی طرح سے باریک کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں۔

2۔اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ، کڑی پتے، لہسن کا پیسٹ اور بٹیر شامل کرکے اتنا فرائی کریں کہ بٹیر کا رنگ سنہری ہوجائے۔

3۔اس کے بعد تمام باریک کٹی سبزیاں شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک مزید پکائیں۔

4۔پھر اس میں چلی گارلک سوس، ٹومیٹو کیچپ، اویسٹر سوس اور نمک شامل کر دیں۔

5۔ایک سے دو منٹ تک مزید مکس کریں۔

6۔ذائقہ دار چلی گارلک بٹیر سرو کرنے کے لیےتیارہے۔

تندوری بٹیر

اجزاء

بٹیر۔8 عدد

نمک۔حسبِ ذائقہ

سرکہ ۔4 چمچ ،ادرک کا پیسٹ۔4 چمچ ، لہسن کا پیسٹ۔4 چمچ، دہی۔2 چمچ، لال مرچ۔2 چمچ، گرم مصالحہ۔4 چمچ، زیرہ۔1 چمچ، جائفل۔1 چمچ، مکھن ۔3 چمچ،

ترکیب۔

1 ۔بٹیروں کو صاف کرکےان پر لیموں، ادرک ، لہسن کا پیسٹ اور نمک لگائیں اور 30منٹ کے لیے ایک طرف رکھ دیں۔

2۔پھر اس میں دہی،لال مرچ پاؤڈ ر ، زیرہ ، جائفل، ہلدی پاؤڈر اور گرم مصالحہ ملائیں۔

3۔بٹیر کو اس مکسچر کے ساتھ مکس کریں اور 2گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

4۔بٹیر کو سیخوں پر لگائیں اور گرم تندور میں3سے 5 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ 5۔ روسٹ ہونے پر سیخوں سے نکال کر پلیٹ میں رکھ کر سرو کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین