سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چین نے پاکستانی عوام کی ترقی و خوشحالی کےلیے گرانقدر خدمات انجام دیں ، جس پر چین کے ممنون ہیں، ہر مشکل وقت میں چین نے پاکستانی عوام کا ساتھ دیا، چین سے دوستی پر فخر ہے۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اورچوہدری پرویز الہٰی کی جانب سے چینی سفیر یائو جنگ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاک چین دوستی دنیا بھر کےلیے مثال بن گئی ہے، پاکستان چین اقتصادی راہداری کے ثمرات سے دونوں ملکوں کے عوام استفادہ کریں گے۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات خطے کے لوگوں کے مفاد میں ہیں ،چین کو پاکستانی عوام کا مفاد بہت عزیز ہے۔
ظہرانے میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔