نادر خان، سعودی عرب
ایک شام ۔۔۔ چائے پر ہمارے ایک دوست کالی چائے کی شان میں قصیدے پڑھنے لگے کہ اِس کے پینے سے ’’ یہ ‘‘ فائدے ہوتے ہیں اور ’’ وہ‘‘ نقصانات نہیں ہوتے ۔ اُنھوں نے آسٹریلیا میں کی گئی ایک ریسرچ کا حوالہ بھی دیا،جس کے مطابق، دن میں کم ازکم تین پیالی کالی چائے پینے کا مفت مشورہ دیا گیا ہے۔ وہ جس انداز میں کالی چائے کی نہر پر تعریفوں کے پُل باندھ رہے تھے ، ہمیں شک ہونے لگاکہ کہیں وہ دودھ کے جلے نہ ہوں، وجہ جو بھی ہو، ہمیں اِن کی چائے میں کچھ کالا نظر آیا۔
اب تک تو ہم سبز چائے کے متعلق سنتے آئے تھے کہ بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرتی ہے ۔ ہارٹ اَٹیک کے خطرے سے محفوظ رکھتی ہے۔ لیکن یہ کالی چائے کی تعریف ؟ ۔۔۔۔ حلق سے نہیں اترتی ۔
بڑے شہروں اور اُس کے اَطراف میں رہنے والے لوگ جب تک چائے سے اپنا منہ نہ جلالیں، اُن کی آنکھیں نہیں کھلتیں، بلکہ بعضوں کو تو ہر گھنٹے آنکھیں کھولنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ وہ رات گئے آنکھیں بند ہونے تک چائے کی چسکیاں لیتے رہتے ہیں۔
بعض لوگ ’’بیڈ ٹی‘‘ کے بھی عادی ہوتے ہیں ۔ ہمارے دوست ’’پُر جوش پوری‘‘، اپنی اصطلاح میں اِسے ویری بیڈ ٹی ( Very bad tea ) کہتے ہیں۔ اِن کابس چلے تو خوابوں میں بھی چائے کا شوق پُورا کریں۔ یعنی آنکھ کھُلنے سے پہلے ، ڈریم ٹی (Dream tea) ، جب ایسے لوگوں سے کہا جائے کہ جناب ، پہلے منہ تو دھو لیں تو کہتے ہیں ، ’’ شیر کبھی منہ نہیں دھوتے ۔‘‘ ہم کہتے ہیں ، شیرتو کیا، گدھے بھی منہ نہیں دھوتے۔
چائے اور دودھ کا کم از کم بر صغیر میں چولی دامن کا ساتھ ہے ۔( چولی دامن جیسی مثال برّ صغیر کے علاوہ اور کہاں) ۔ بھلے دودھ میں دودھ نہ ہو، لیکن چائے میں دودھ ہونا چاہیے ۔ دودھ کے ساتھ چائے پکانے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اُس میں چائے کا انتظار طویل ہو جاتا ہے۔ یعنی چائے کے مزے میں انتظار کا مزہ بھی شامل ہو جاتا ہے۔
چائے اور پانی ‘کے بغیرتو دُنیا کے کام بھی آگے نہیں بڑھتے۔
چائے اور کھانا پکانے کی ترکیب کا بھی عجیب تعلق ہے،تیکھا ہو کہ میٹھا ،کوئی پکوان ایسا نہیں ہوتا، جس میں چائے کے چمچے نہیں ڈالے جاتے، وہ اس طر ح کہ ,
لال مرچ ،ایک چائے کا چمچ
زیرہ پاؤڈر، دو چائے کے چمچے
کھانے کا سوڈا ، ایک چائے کا چمچ وغیرہ وغیرہ
صُبح کی چائے اور اخبار میں بھی کھٹا میٹھا رشتہ ہے۔ اخبار کے ساتھ چائے پینے کا فائدہ یہ ہے، اگر چائے ضرورت سے زیادہ میٹھی ہو تو اخبار اُس کی مٹھاس کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ چائے سے آنکھ کھُلے نہ کھُلے اخبار کی سرخیوں سے کھل جاتی ہے۔ کبھی کبھار، اخبارکھولتے ہی افسوس ہوتا ہے کہ میں نے آنکھیں کھولی ہی کیوں؟