اکثر خواتین بالوں کو خوبصورت بنانے کے لئے طرح طرح کے ہیئر پروڈکٹس استعمال کرتی ہیں جن سے فوری نتائج تو حاصل ہو جاتے ہیں لیکن ان کے مستقل استعمال سے بالوں کی صحت اور نشوونما متاثر ہوتی ہے ۔
چند قدرتی اشیاء کا استعمال کر کے ہم کیمیکل سے پاک ہیئر اسپرے اور جیل اب گھر میں تیار کر سکتے ہیں۔ ان سے نہ صرف آپ بالوں کے نت نئے اسٹائل بنا سکتی ہیں بلکہ ان سے بال صحت مند بھی رہیں گے ۔
اینٹی بیکٹیریل ہیئر اسپرے
پانی ایک گلاس ، چینی ۴ کھانے کے چمچ ، گل شمعدانی (جرینیم )کا تیل دو قطرے ، روزمیری کا تیل دو قطرے
پانی کو ابال کر اس میں چینی کو حل کر کے محلول ٹھنڈا کر لیں ،اب اس محلول میں دونوں طرح کے تیل ڈال کر اچھی طرح ہلا لیں ۔ قیف کی مدد سے اسے اسپرے بوتل میں ڈال دیں ۔ہیئر اسپرے تیار ہے ۔اسے فریج میں دو ہفتے تک رکھا جا سکتا ہے ۔
اس ہیئر اسپرے میں موجود روزمیری کا تیل اینٹی آکسیڈنٹ کی طرح کام کرتا ہے جس سے نہ صرف بالوں کی جلد میں موجود بیکٹیریا ختم ہوتے ہیں بلکہ مردہ جلد میں جان پیدا ہوتی ہے اور نئے بال اگنے لگتے ہیں ۔بال دھو کر ہلکے خشک بالوں میں اس ہیئر اسپرے کا استعمال کریں اور من پسند ہیئر اسٹائل بنائیں ۔
بالو ں میں مہک کے لیے
اجزاء:کوکونٹ آئل دو بڑے چمچ ، لوینڈر آئل 3سے4 قطرے ، و ٹامن ای آئل دو قطرے ، عرق گلاب ایک کپ ، سرکہ ایک چمچ، گلیسرین تین قطرے ، ناریل کا پانی آدھا کپ
ترکیب:تمام اجزاء ایک اسپرے بوتل میں ڈال دیں اور اچھی طرح ہلا لیں ۔اس ہیئر اسپرے کا استعمال گیلے بالوں پر کریں ۔یہ ہیئر اسپرے بالوں میں چمک لاتا ہے اور بالوں کو نرم اور خوشبو دار بناتا ہے ۔اس کے استعمال کے بعد خوبصورت فرنچ چوٹی یا جوڑا بنایا جا سکتا ہے ۔
موئسچرائزنگ ہیئر اسپرے
گرم پانی چار کپ ، لیموں کا عرق ایک چوتھائی پیالی ، پیپر منٹ آئل دو قطرے ، شہد دو چائے کے چمچ
تمام اشیاء کو ملا لیں اور ٹھنڈا کر کے فریج میں رکھ لیں ۔ سردیوں میں اس ہیئر اسپرے کے استعمال سے بال خشک اور بے جان نہیں رہیں گے۔
ہیر اسٹائل بنانے کے لیے
الکحل سے پاک ہیئر جیل بنانے کے لئے بازار میں آسانی سے ملنے والا جیلاٹن استعمال کریں ۔
ایک کپ گرم پانی میں تین چمچ جیلاٹن پاؤڈر ( سادہ اوران فلیورڈ ) حل کر لیں اور صاف ڈبیا میں ڈال کر فریج میں رکھ لیں ۔
جیلاٹن سے بنی یہ جیلی قدرتی ہیئرجیل کے طور پر کام کرے گی ۔اس سے آپ بالوں کا کوئی بھی اسٹائل بنا سکتی ہیں ۔
ہیئر اسٹریٹننگ جیل
پانی ایک کپ ، السی کے بیج تین بڑے چمچ ، کیسٹر آئل دو چمچ ، شہد دو چمچ ، ایلو ویرا جیل ۴ بڑے چمچ ، لیموں کا عرق دو چمچ
پانی کو گرم کر کے اس میں السی کے بیج ڈال دیں اور اتنا پکائیں کہ بیجوں سے لعاب نکل آئے ۔ٹھنڈا کر کے السی کے بیجوں کو کپڑے پر رکھ کر نچوڑ کر نکال لیں ۔ ا ب لعاب دار پانی میں ایلوویرا جیل ڈال کر چمچہ چلائیں تاکہ گودا اچھی طرح حل ہو جائے۔ اب اس میں تمام اشیاء ڈال کر ملا لیں اور فریج میں رکھ دیںتاکہ جیل جم جائے ۔
اسٹریٹننگ کرتے وقت اس جیل کا استعمال کریں ۔ بال سیدھے اور چمک دار لگیں گے ۔