کوئٹہ میں فائرنگ کےواقعات میں ایک بار پھراضافہ ہوگیا،آج شہر میں دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت8 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے،ایک واقعے میں مرنےوالےچار افراد کاتعلق مسیحی برادری سے ہے۔
فائرنگ کا پہلاواقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی روڈ پر پیش آیا ،جہاں دو گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک لیویز اہلکار سمیت چارافرادجاں بحق جبکہ چار فراد زخمی ہوگئے،ہلاک افراد کی لاشوں اور زخمیوںکو بی ایم سی اسپتال منتقل کردیاگیا۔
بعدازاں ہلاک ہونےوالے افراد کےلواحقین میتیں لےکرہاکی چوک پہنچ گئے،جہاں انہوں نے واقعہ کےخلاف احتجاج کیا،تاہم کچھ دیر بعد حکومتی یقین دہانی پر احتجاجی ختم کردیا۔
کوئٹہ شہر میں فائرنگ کادوسرا واقعہ شاہ زمان روڈ پر پیش آیا کہ جہاں نامعلوم مسلح افراد کی اندھادھند فائرنگ سے ایک خاتون فردوس جبکہ تین افراد پرویز، کامران، طارق سمیت ہلاک ہوگئے ، جبکہ واقعہ میں بارہ سالہ لڑکی زخمی بھی ہوئی۔