پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہمیں عدلیہ ، فوج یا پارلیمنٹ جیسے اداروں کے ساتھ مل کر چلنا ہےاور جب ہم مل کر چلیں گے تب ہی عوام کا بھلا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار حمزہ شہباز نے سرگودھا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی منصوبے کی بنیاد رکھی اور نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے، اس لیے آج کوئی ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ایل این جی کے منصوبے لگائے، چین جیسے دوست نے ہمارا ساتھ دیا، جنگلہ بس کہنے والوں کو آج 5 سال کے بعد پشاور میں جنگلہ بس بنانے کا خیال آیااور یہ جمہوریت کی جیت ہےجبکہ لوگ کہتے ہیں کہ ہماری باری آنے دوجبکہ میں کہتا ہوں چھوڑو باریوں کو پاکستان کی ترقی کی باری آنے دو۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر اظہار خیال کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ کل کشمیر میں شہادتیں ہوئیںاور یہ سلسلہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن آنے والا ہے، میں نہیں کہتا مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں، نہیں کہتا پیپلز پارٹی یا پھر پی ٹی آئی کو ووٹ دیں، صرف پاکستان کو ووٹ دیں،یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے، لمبی لمبی تقریروں پر کان نہ دھریں، بس کام کو مدنظر رکھیں۔