گجرات (نمائندہ جنگ) شادی سے انکار پر 23 سالہ لڑکی کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا گیا۔ تھانہ سول لائنز گجرات کے علاقہ سروس موڑ پر ملزم مجاہد عباس نے اپنے ساتھی ملزم نیئر کے ہمراہ شادی سے انکار کرنے پر 23 سالہ لڑکی مہوش کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا جس سے لڑکی شدید زخمی ہو گئی۔ اسے تشویشناک حالت میں عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسکا علاج جاری ہے۔ ملزم مجاہد عباس پہلے سے شادی شدہ اور 4 بچوں کا باپ ہے۔ پولیس نے ایک ملزم نیئر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مجاہد عباس کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تھانہ سول لائنز پولیس نے متاثرہ لڑکی مہوش کی ہمشیرہ تصور بی بی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم مجاہد عباس کا لڑکی کے گھر آنا جانا تھا۔