اولڈہم( تنویر کھٹانہ) برطانیہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کی سنوکر کے کھیل میں بڑھتی ہوئی دلچسپی خوش آئند ہے اور مستقبل میں باقی کھیلوں کی طرح سنوکر میں بھی پاکستان نژاد نوجوان برطانیہ کی نمائندگی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سنوکر ٹورنامنٹ کے آرگنائزر محمد نثار نے روزنامہ جنگ سے گفتگو میں کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ میں نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے والدین کی خصوصی توجہ سے ہمارے نوجوان اس کھیل میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کر سکتا ہے۔ اولڈہم میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں ستر سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ تین ہفتے سے جاری اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ ساجد زمرد اور محمد اشرف کے مابین ہوا جسے ساجد زمرد نے چار کے مقابلے میں پانچ فریمز کے فرق سے جیت لیا۔ ٹورنامنٹ میں نارتھ ویسٹ ریجن سے مختلف کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی جسے بے حد سراہا گیا۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ کھیلوں میں صحت مند مقابلہ سے نہ صرف کھیل میں بہتری لانے کا موقع ملتا ہے بلکہ نئے لوگوں سے ملنے اور ایک دوسرے کو دوستانہ ماحول میں سمجھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔ آرگنائزر اس سال کے آخر میں جونیئر اور سنیئر ٹائٹلز کا ٹورنامنٹ کروانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں جس میں برطانیہ بھر سے کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔