لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر ملک کی ترقی بارے سوچنا چاہیے ، جمہوریت کے تسلسل سے ہی خوشحال پاکستان بنے گا اور سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ جمہور یت کی گاڑی ٹریک پر چلتی رہے ،ہمیں اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ عالمی فورمز پر ہم کشمیریوں کی بھرپور آواز بن سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی ملک ، آئین و قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کیلئے گراں قدر خدمات ہیں ۔عاصمہ جہانگیر پسے ہوئے طبقات کی آواز تھیں، وہ ا یسے طبقے کے دفاع کیلئے عدالتوں میں پیش ہوتی تھیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے لوگوں کی خدمات کو اچھے لفظوں میں ہمیشہ یاد رکھیں اور ایسے لوگوں کو عزت دینے سے قوم بنتی ہے ۔ انہوں نے کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ میں سوچتا ہوں کہ وہ مائیں جو صبح اپنے شہید بیٹے کے بچوں کے ساتھ ناشتہ کرتی ہوں گی ان پر کیا گزرتی ہو گی ، وہ مائیں روز جیتی اور روز مرتی ہوں گی ہم ان کے درد اور کرب کو محسوس نہیں کر سکتے ،پاکستانی قوم ایسی مائوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ عالمی فورمز پر کشمیر یوں کی آواز میں آواز ملا سکیں ۔