اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں/ٹی وی رپورٹ)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ادویات کی قیمتوں کے کیس میں مئی کے پہلے ہفتے تک جامع رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 15مئی تک ملتوی کر دی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ٹیکس کا معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، مفاد عامہ کےجن معاملات میں ہاتھ ڈالاہے انہیں یہیں حل کریں گے، ورنہ بعد میں آپ نعرے لگاتے پھریںگے باتیں کر کے چلا گیا، کیا کچھ نہیں، پندرہ مئی کو رات دن بیٹھنا پڑا معاملہ پورا سن کر اٹھیں گے، واضح کردوں کوئی التوانہیں دیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے وکیل سے کہا کہ میں آپ سے زیادہ جلدی میں ہوں میری خواہش ہے کہ جو معاملات میں نے اٹھائے ہیں انہیں ختم کر کے جائوں، ورنہ بعد میں آپ نعرے لگاتے پھریں گے کہ باتیں کر کے چلا گیا کیا کچھ نہیں،آپ نے مفاد عامہ کو دیکھنا ہے کلائنٹ کو نہیں، اورآپ نے میرے ساتھ ملکر انصاف کرنا ہے۔