اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام کوان کا بنیادی حق ، حق خودارادیت دینے تک کشمیری عوام کی سیاسی ، اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا، مقبوضہ جموں وکشمیرمیں منظم بھارتی ریاستی دہشت گردی اوربھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے بہیمانہ قتل عام کی شدیدمذمت کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اوربھارتی قابض افواج کی جانب سے ظلم ودہشت کا نوٹس لیں،مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈا میں شامل تنازعات میں سب سے پراناہے۔ انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پراپنے پیغام میں کہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ جموں وکشمیرکے عوام ظالمانہ بھارتی تسلط کے خلاف گزشتہ 7دھائیوں سے بے مثال جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔