• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
معلومات کی دنیا

ارحم رحمان، حیدر آباد

پیارے بچو! کیا آپ کو معلوم ہے کہ مچھلیاں انسانی چہرے شناخت کرنے اور سننے کی صلاحیت رکھتی ہیں، نہیں ناں! کوئی بات نہیں، ہم آپ کو بتائے دیتے ہیں۔

٭… کم و بیش مچھلیوں کی تیس ہزار سے زائد اقسام ہیں۔ تمام اقسام کی مچھلیاں سن سکتی ہیں، جب کہ چند اقسام کی مچھلیاں مختلف رنگ بھی پہچان سکتی ہیں۔ آرچرنامی مچھلی انسانی چہرے پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

٭… مچھلیوں کے کان انسانوں کے کانوں کی طرح باہر نہیں ہوتے بلکہ ان کے سر میں دو سوراخ ہوتے ہیں ،جنہیں اوتھولیتھ (Otolith) کہا جاتا ہے۔ ان کے ذریعے آوازوں کو سنتی ہیں، جب کہ ان کی جلد پر موجود لئتھرل لائنز (Lateral Lines) بھی انہیں دھیمی آوازیں اور پانی میں ہونے والی غیر معمولی حرکتوں کو محسوس کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

٭… شارک واحد مچھلی ہے جس میں کرنٹ محسوس کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

٭… الیکٹرک اِیل نامی مچھلی کو چاقو مچھلی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ میٹھے پانی کی مچھلی ہے، جو جنوبی امریکا میں پائی جاتی ہے۔ الیکڑک ایل ایک ایسی مچھلی ہے، جسے ہاتھ لگانے سے 600 وولٹ بجلی کا جھٹکا لگتا ہے۔

٭… بینڈیڈ آرچر فش کو شکاری مچھلی بھی کہا جاتا ہے۔ کھارے پانی میں رہنے والی یہ مچھلی اپنے شکار کو نشانہ بناکے پانی کی تیز دھار مار کر انہیں گرا دیتی ہے، پھر اسے کھاتی ہے۔ بڑی مچھلیاں پانی میں رہتے ہوئے ہوا میں تین میٹر دوری کے فاصلے تک کیڑوں کو نشانہ بناتی ہیں۔

٭…سٹار گیزر مچھلی کو اردو میں بالا رخ مچھلی کہتے ہیں۔ زہریلے کانٹے رکھنے والی یہ مچھلی خود کو سمندر کی تہہ میں موجود ریت میں چھپا لیتی اور اپنے شکار کے انتظار میں بیٹھی رہتی ہے۔ اس کا حملہ انتہائی تیز ہوتا ہے۔

٭… سٹون فش یا سنگ ماہی انتہائی زہریلی اور بدنما مچھلی سمجھی جاتی ہے۔ یہ خود کو چھپانے میں انتہائی ماہر ہے کیوں کہ یہ دیکھنے میں ایک پتھر معلوم ہوتی ہے۔

٭… پفر فش (فقہ ماہی) کا پیٹ انتہائی لچکدار ہوتا ہے اور خطرے کی صورت میں یہ اپنے پیٹ میں پانی بھر لیتی ہے، جس سے جسامت اور شکل دونوں ہی تبدیل ہو جاتے ہیں۔ اس عمل میں مچھلی کی جلد سے زہریلا مادہ نکلتا ہے، جو اسے شکار بننے سے محفوظ رکھتا ہے۔

٭… اینگلر فش (ماہی گیر مچھلی) اپنے شکار کو فشنگ راڈ (یعنی الیسیم ) کے ذریعے پکڑتی ہے۔ ماہی گیر مچھلی اپنے سر پر لگے ہوئے الیسیم کو روشن کرتی ہے، جس سے چھوٹی مچھلیاں اس کی جانب متوجہ ہو کر قریب آتیں اور اس کا نشانہ بن جاتی ہیں۔

٭… وائپر مچھلی سمندر کی گہرائی میں پائی جاتی ہے، جہاں پانی کا دباؤ انتہائی زیادہ ہوتا ہے، جب کہ اندھیرے کے باعث دیکھنا مشکل ہوتا ہے۔

٭… پلیس فش (چپٹی مچھلی) ایک کیموفلیج مچھلی ہے، خود کو تَلچھَٹ میں چھپا لیتی ہے۔ اس کی نشوونما کے دوران اس کی ایک آنکھ سر کی طرف حرکت کرتے ہوئے اسی جگہ پہنچ جاتی ہے، جہاں پر اس کی دوسری آنکھ ہوتی ہے۔

٭… سی ہارس (گھُڑ مَچھلی) دیکھنے میں خوبصورت لگتی ہے لیکن یہ عجیب بھی ہے۔ اس کا شمار ان چند ایسی سمندری مخلوقات میں ہوتا ہے، جو عمودی تیرتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اچھی تیراک نہیں ہوتیں۔

معلومات کی دنیا


تازہ ترین