خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) دادو ضلع کے مختلف مقامات پر تیزی سے پھیلنے والی خسرہ کی بیماری میں کمسن بچے مبتلا ہو رہے ہیں۔ ہفتہ کو پھلجی اسٹیشن کے وارڈ نمبر دو میں خسرہ کی بیماری میں مبتلا چھ ماہ کی کمسن لڑکی مومل کھوکھر جاں بحق ہوگئی جبکہ اطلاعات کے مطابق متعدد بچوں کو ضلعی اسپتال میں داخل کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثناء بھان سعیدآباد کے قریب واقع گاؤں گڈو باغ میں دیہاتی لطیف بگھیہ کی چار سالہ کمسن لڑکی خسرہ کی بیماری سے جاں بحق ہوگئی جسکے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی مجموعی تعداد چار ہوگئی ہے۔ اس سے قبل تین بچے گلنار بنت غلام اکبر جویو،مرک بھنڈ اور فیاض جلبانی بھی خسرہ کی بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اطلاعات کے مطابق اس وقت بھی آس پاس کے دیہات میں کافی تعداد میں بچے خسرہ کی بیماری میں مبتلا ہیں۔