گھارو (نامہ نگار) ایس ایس پی ٹھٹھہ افضل حسیب بیگ نے کہا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ میں امن وامان کی صورتحال دیگر اضلاع کے مقابلے بہتر ہے، اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اب عوام رات کو بھی سکون سے بلا خوف و خطر سفر کر سکتے ہیں۔ یہ بات انھوں نے گھارو پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اس معاشرے کا ناسور ہیں اور کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اسی طرح گٹکا اور منشیات کا مکمل خاتمہ تو نہیں ہو پایا ہے مگر بڑی حد تک اس میں کمی کردی گئی ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ گھارو میں مقامی تاجر نارائن داس کے گھر ڈاکہ ڈالنے والے ایک ملزم عظیم کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے لوٹے گئے 22 لاکھ میں سے 6 لاکھ روپے ایک پسٹل اور دیگر سامان برآمد کر لیا هے جبکہ دوسرا ملزم برکت هے جس پر ضلع کے مختلف تھانوں میں 12 سے زائد مقدمات درج هیں اور وہ پولیس کو مطلوب هے اور هماری اطلاع کے مطابق اس وقت وہ سندھ سے باہر هے جس کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی هے جبکہ گرفتار ملزم عظیم اور لوٹا گیا مال صحافیوں کے سامنے پیش کیا گیا انھوں نے بتایا کہ اس کیس کو سی آئی اے پولیس کو سونپا گیا تھا جنھوں نے اس میں کامیابی حاصل کی اس موقع پر سی آئی اے پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔