برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر تنہا الیکشن میں اترے گی۔ ہم کسی الائنس یا اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پانچ برس تک عوام کی خدمت کی، خیبر پختونخوا میں اقتدار چیلنج سمجھ کر قبول کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے تین روزہ دورہ برطانیہ کیلئے برمنگھم ائرپورٹ آمد پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ PTI کے صدر عابد زمان خٹک، رفعت مغل، ساجد چوہدری، قونصلر جنرل پاکستان احمر اسمٰعیل، وائس قونصلر میاں عظمت فاروق سمیت کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے استقبال کیا۔ پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے صوبے میں بہترین تعلیمی نظام دیا، تھانہ کچہری کا روایتی رسمی نظام تبدیل کرکے اس کو عوام کی سہولت کےلئے بہتر کیا، پٹواری کلچر تبدیل کیا۔ آئندہ عام الیکشن میں کے پی کے سمیتPTI کارکردگی کی بنیاد پر پورے پاکستان سے سیاسی میدان میں اترے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ اپنے منشور کی مطابق الیکشن لڑیں گے کسی کے ساتھ اتحاد کرکے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ تین روزہ دورہ میں وہ پارٹی ورکروں سے خطاب اور یہاں کے مختلف اداروں کے ذمہ داران سے بھی ملاقاتیں کرینگے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ہمراہ بہرام خان، شہریار خان آفریدی اور ڈاکٹر عمران خان بھی ہیں۔