• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی شکست یقینی ہو گئی، صاحبزادہ حمزہ خان

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ضلع نوشہرہ کے صدر صاحبزادہ حمزہ خان، جنرل سیکرٹری مشیت الرحمان، تحصیل پبی کے صدر ساجد گمریانی، حلقہ پی کے 64نوشہرہ کے جنرل سیکرٹری لیاقت علی، اکبر پورہ کے صدر صاحبزادہ حمزہ خان اور سینئر نائب صدر حاجی ملک تاج محمد خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دوسرے علاقوں کی طرح وزیراعلیٰ کے حلقہ میں بھی سبز انقلاب آ چکا ہے۔ حلقہ کے لوگوں کی طرف سے وزیراعلیٰ کے خلاف دائرہ تنگ کر دیا گیا ہے۔2018ء کے انتخابات میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی شکست یقینی ہو گئی ہے۔ سیاسی بھگوڑے وزیراعلیٰ کو شکست سے نہیں بچا سکتے۔انہوں نے وزیراعلیٰ کے حلقہ میں زخی چار باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ سے صوبےکے دوسرے علاقوں کی طرح اپنے حلقہ کے لوگ بھی بے زار ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ صوبے کے مفادات کی بجائے عمران خان اور بنی گالہ کے مفادات کے محافظ بن چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں تبدیلی لانے کی بجائے صوبے کو تباہی و بربادی سے دو چار کر دیا گیا۔ لوگوں کے دکھوں کا مداوا کی بجائے لوگوں کے دکھوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کو چار سو ارب روپے کا مقروض بنانے سے صوبے کا بچہ بچہ مقروض بن گیا ہے۔ عوام پی ٹی آئی سے بے زار ہو چکے ہیں۔ انتخابات کے بعد صوبے کے لوگوں کو بنی گالہ تسلط گندی سیاست اور کٹھ پتلی وزیراعلیٰ سے نجات مل جائے گی۔ صوبے میں مسلم لیگ کی حکومت ہو گی۔ عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار عوامی ساستدان انجینئر امیر مقام صوبے کے وزیراعلیٰ ہوں گے جبکہ صوبے کے وسائل صوبے کے لوگوں پر خرچ کرنے سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
تازہ ترین