گھوٹکی( نامہ نگار) گھوٹکی کے علاقہ عادلپور کے دیہاتیوں نے میر حسن سہتو اور خان محمد سہتو کی قیادت میں ایس ایس پی گھوٹکی ، ایڈیشنل ایس پی اور عادلپور پولیس کی زیادتیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ زمین کے معاملے پر پولیس گھروں پر چھاپے مار کر انہیں ہراساں کر رہی ہے اور ان کی فصلوں کو تباہ کر رہی ہے۔ دیہایتوں کے مطابق انہوں نے 18 ایکڑ زرعی زمین اعوان برادری کے افراد سے خریدی تھی تاہم انہوں نے کھاتہ تبدیل نہیں کیا جس کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے اس کے باوجود پولیس انہیں مسلسل ہراساں کر رہی ہے انہوں نے بالاحکام سے کارروائی کرکے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔