لاہور( جنرل رپورٹر )صدر مسلم لیگ ن ووزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا نعرہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، مسلم لیگ(ن) نے جنوبی پنجاب کے صوبے کے قیام اوربہاولپور کے سابق صوبےکی بحالی کیلئے پنجاب اسمبلی سے قرارداد یں منظورکراچکے ہیں ، جنوبی پنجاب کی ترقی او رخوشحالی کیلئےساتھ دینے والوں کو محسن سمجھتا ہوں، رواں مالی سال جنوبی پنجاب میں 229ارب کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں،ملک کے وسیع تر مفاد میں تصادم اور محاذ آرائی کی پالیسی سے گریز لازم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاراپنی زیر صدارت خانیوال ، راجن پور ، بہاولپور ،لیہ او ردیگر ا ضلاع کے ارکان ا سمبلی کے اجلاس اورملاقات میں کیا۔اراکین اسمبلی نے شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کیے گئے، آپ نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بے شمار ترقیاتی کام کرائےجس کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ووٹ بینک بڑھا ہے ،جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے آپ کا ویژن اورمحنت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں جنوبی پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں میں بے مثال ترقی ہوئی ہے -وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہونیوالے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات محنت کی اور ہماری سیاست کا محور و مرکزعوام کی ترقی ہے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور اختراعی منصوبوں کی افادیت کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ساتھ دینے والے اورساتھ نبھانے والے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2008کے بعد ہر سال جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا گیا، 2008 سے 2013تک جنوبی پنجاب کو مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ساڑھے27 فیصد سے زائد ترقیاتی بجٹ دیا اور گزشتہ 5سال میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے 37فیصد سے زائدترقیاتی بجٹ دیا ہے -انہوں نے کہاکہ اپنا روز گار سمیت حکومت پنجاب کی ہر سکیم میں جنوبی پنجاب کو 10فیصد کوٹہ دیا گیا -جنوبی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بچیوں کو 200سے بڑھا کر 1000روپے سکالر شپ دیا جا رہا ہے-۔ اجلاس میں وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیر زادہ ، سردار اویس احمد خان لغاری ، محمد بلیغ الرحمان ، عبدالرحمان کانجو، سینیٹر سعود مجید ، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن دریشک، اسلم بودلا، افتخار نذیر، سردار آصف حسین مزاری ، صاحبزادہ فیض الحسن ، سید محمد ثقلین شاہ بخاری ،میاں نجیب الدین اویسی ، ارکان پنجاب اسمبلی میاں کاظم علی پیرزادہ، عامرحیات ہراج، چودھری کرم داد واہلہ، عرفان خان ڈاھا او رمسلم لیگی رہنما احمد علی اولکھ شامل تھے- ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی اسمبلی سردار امجد فاروق خان کھوسہ ،ملک سلطان محمود ہنجرا،سردار عاشق حسین گوپانگ، رکن صوبائی اسمبلی ذیشان گرمانی اورسابق رکن قومی اسمبلی صدیق خان بلوچ شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر رانا مشہود احمد اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک محمد احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ارکان قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، اظہر قیوم ناہرہ، چوہدری محمد طفیل، چوہدری محمد ارشد جٹ، سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرہ اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوجرانوالہ مظہر قیوم ناہرہ نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے چیچہ وطنی کے علاقے میں زیادتی کے بعد بچی کوجلانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے معصوم بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔