• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی پنجاب صوبہ بنانے، بہاولپور صوبہ بحالی کی قراردادیں منظور کراچکے، شہبا ز شریف

جنوبی پنجاب صوبہ بنانے، بہاولپور صوبہ بحالی کی قراردادیں منظور کراچکے، شہبا ز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ)صدر مسلم لیگ ن ووزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا نعرہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا، مسلم لیگ(ن) نے جنوبی پنجاب کے صوبے کے قیام اوربہاولپور کے سابق صوبےکی بحالی کیلئے پنجاب اسمبلی سے قرارداد یں منظورکرائی ہیں، جنوبی پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کیلئےساتھ دینے والوں کو محسن سمجھتا ہوں، رواں مالی سال جنوبی پنجاب میں 229ارب کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں،ملک کے وسیع تر مفاد میں تصادم اور محاذ آرائی کی پالیسی سے گریز لازم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہاراپنی زیر صدارت خانیوال ، راجن پور ، بہاولپور ،لیہ او ردیگر ا ضلاع کے ارکان ا سمبلی کے اجلاس اورملاقات میں کیا۔اراکین اسمبلی نے شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کیے گئے، آپ نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بے شمار ترقیاتی کام کرائےجس کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ووٹ بینک بڑھا ہے ،جنوبی پنجاب کے مسائل کے حل کیلئے آپ کا ویژن اورمحنت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں جنوبی پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں میں بے مثال ترقی ہوئی ہے -وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہونیوالے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے۔عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات محنت کی اور ہماری سیاست کا محور و مرکزعوام کی ترقی ہے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور اختراعی منصوبوں کی افادیت کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ساتھ دینے والے اورساتھ نبھانے والے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2008کے بعد ہر سال جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا گیا، 2008 سے 2013تک جنوبی پنجاب کو مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ساڑھے27 فیصد سے زائد ترقیاتی بجٹ دیا اور گزشتہ 5سال میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے 37فیصد سے زائدترقیاتی بجٹ دیا ہے -

تازہ ترین