• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبیل گبول کا دعویٰ من گھڑت، حقیقت سےتعلق نہیں، ترجمان چوہدری نثار

نبیل گبول کا دعویٰ من گھڑت، حقیقت سےتعلق نہیں، ترجمان چوہدری نثار

اسلام آباد(جنگ نیوز)چوہدری نثار علی خان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ملاقات کے حوالے سے رہنماء پیپلز پارٹی نبیل گبول کی جانب سے کئے گئے دعوے پر ترجمان سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبیل گبول کا یہ دعویٰ صریحاً من گھڑت اور لغو ہے جس کا حقیقت سے قطعاً کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ امر نہایت افسوس ناک ہے کہ آج کے دور میں جہاں سچ اور جھوٹ میں تفریق تقریباً مٹ چکی ہے وہاں سچ کو سچ ثابت کرنا بھی مشکل ہو تا جا رہا ہے۔ بعض اوقات جھوٹ اس قدر ڈھٹائی سے گھڑا اور پیش کیا جاتا ہے جیسے وہی حقیقت ہو۔ اس سے بھی بڑھ کر افسوس ناک امر یہ ہے کہ ایسے لوگوں کو اپنے طرزِ عمل پر ذرا بھی شرمندگی محسوس نہیں ہوتی اور نہ ہی وہ اپنے ضمیر پر کسی قسم کا بوجھ محسوس کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ نہ تو چوہدری نثار علی خان اور نبیل گبول کا کوئی مشترکہ دوست ہے اور نہ ہی چوہدری نثار علی خان اور عمران خان کی گزشتہ ساڑھے تین برسوں سے کوئی ملاقات ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے متعلق واضح وضاحت کے باوجود بھی اس طرح کی بے پر کی اڑانانہایت مضحکہ خیر ہے۔ترجمان نے کہا کہ میاں شہباز شریف اور چوہدری نثار علی خان کی ون آن ون ملاقات کے حوالے سے من گھڑت باتیں گھڑنا اور انکو اس طرح پیش کرنا جیسے وہ حقیقت پر مبنی ہوں نہایت قابلِ مذمت ہے۔ نبیل گبول کے علم اور انکی آگاہی کا اندازہ اس بات سے بخوبی کیا جا سکتا ہے کہ چوہدری نثار علی خان نے ٹکٹ کے حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سوال میاں نواز شریف سے پوچھا جائے جبکہ نبیل گبول اسے میاں شہبازشریف سے منسوب کر رہے ہیں۔  

تازہ ترین