گولڈ کوسٹ ( نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمزمیں قومی ہاکی ٹیم جمعے کو ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے میچ میں کینیڈا کے مد مقابل ہوگی۔ پاکستانی ٹیم کے کھلاریوں نے میچ کے لئے جمعرات کو دو گھنٹے کرارا ہاکی اسٹیڈیم میں پر یکٹس کی، پاکستانی کھلاڑی ایونٹ میں اپنی کارکردگی اور کوئی بھی میچ نہ جیتنے کے حوالے سے خاصے مایوس دکھائی دئیے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئرنے کہا ہے کہ اس میچ میں کامیابی لازمی ہے تاکہ ہم ساتویں نمبر پر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ہماری کارکردگی میں بہتری آئی ہے مگر کسی میچ میں فتح حاصل نہ کرنےکا ہمیں بہت سخت خمیازہ اٹھانا پڑا۔ کھلاڑیوں نے اپنے کھیل کو بہتر بنایا ہے مگر گول کے چانس ضائع کر نے سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ہم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے خلاف میچ جیتنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ دریں اثنا جمعے کو نویں دسویں پوزیشن کے لئےجنوبی افریقا اور ویلز ، پانچویں چھٹی پوزیشن کے میچ میں ملائیشیا اور اسکاٹ لینڈ آمنے سامنے ہوں گی۔ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈاور بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔