بٹگرام(نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام ( ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت یہودیوں کے پیسوں سے علماء کرام کا ضمیر نہیں خرید سکتی ،دس ہزارتنخواہ دینے کی پیش کش کو صوبہ کے باضمیر علما نے اپنے جوتے کی نوک پر رکھ دیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اپنے یہودی ایجنٹ ہونے کا ثبوت اس فعل سے دیا ہے کہ انہوں نے ایک مسلمان کے مقابلے میں یہودی کو سپورٹ کیا لیکن ہم ان کی کوئی چال کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ایم ایم اے بحال ہوچکی ،ہر سازش کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔ بٹگرام میں غلبہ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ گزشتہ 70سال سے اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔سابق جنرل پرویز مشرف نے پاکستانی اڈے امریکہ کو فروخت کیے۔ پاکستانی ہوائی اڈوں سے افغانستان کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پرائی جنگ ہم اپنے گھر لا کر اسکا خمیازہ بھگت ر ہے ہیں ۔