وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہےیہ وہی فیصلہ ہے جس سے شہید بھٹو کو پھانسی چڑھایا گیا اور بےنظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، آج پھر پاکستان کے تیسری مرتبہ منتخب وزیراعظم کو تاحیات نااہل کیا گیا۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے نوازشریف کی سیاست کا وہ دور شروع ہوا ہے جس سے ہمارے مخالفین کو ڈرنا چاہیے جب کہ یہ فیصلہ وہی مذاق ہے جو ملک کے 17 وزرائے اعظم کے ساتھ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا فیصلہ وہی ہے جو ٹرائل کورٹ میں کیس چل رہا ہے، فیصلہ ٹرائل سے پہلے آچکا ہے ٹرائل کورٹ میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ہے،جس کیس میں جرح جاری ہے اس میں نااہل قرار دے دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی سیاست کا آج سے وہ دور شروع ہورہاہے جس سے مخالفین کو ڈرنا چاہئے،ووٹ کوعزت دو کے ذریعے نظریہ ضرورت اب عوام استعمال کریں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ اور نوازشریف نے ہمیشہ عدلیہ کی عزت، وقار اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی، یہ فیصلہ اور اس پر جو رد عمل ہے وہ پاکستان کی عوام اور نوازشریف کا حق ہے۔