انناس وٹامنز اور منرلز سے بھر پور انوکھا پھل ہے ۔ انناس میں وٹامن سی وافر مقدار میں موجود ہے اس کے علاوہ وٹامن بی سکس ، فولیٹ ، تھایامین ،رائبوفلیون ، اور نیاسن شامل ہے۔ انناس میں روزانہ ضرورت کا 1فیصد وٹامن کے موجود ہے اس لیے یہ جوس ان لوگوں کے لیے نقصان دہ نہیں ہے جو خون کو پتلا کرنے والی دوائیں لیتے ہیں۔
انناس میں روزانہ ضرورت کا 63 فیصد میگنیز،9 فیصد کوپر اور کم مقدار میں کیلشیم ،آئرن ،فاسفورس پوٹاشیم اور دوسرے غذائی اجزاء شامل ہیں۔ان کا استعمال کئی طرح سے مفید ثابت ہوتا ہے۔ ایک طویل عرصے سے اسے سوزش، جسمانی جلن اور بیماری سے بحالی کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اگرچہ انناس کی 100 کے قریب اقسام ہیں لیکن افادیت کی بنا پر اس کی 8 اقسام کو ہی کاشت اور فروخت کیا جاتا ہے۔
جلد کے لیے مفید
روزانہ انناس کارس پینے سے سب سے زیادہ فائدہ جلد کو پہنچتا ہے۔ جس کی وجہ اس میں وٹامن سی کی موجودگی ہے۔ وٹامن سی حساس جلد ، جلد کی سوزش اور ایکنے میں بہت مفید ہے ۔ انناس میں موجود وٹامن اے جلد کی سوزش کو کم کرتا ہے اور قدرتی طور پر اینٹی فنگل اور اینٹی بیکٹیریل کا کام دیتا ہے۔اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جلد کی ٹوٹ پھوٹ، جھریوں اور جھلسن کو روکتی ہے۔
ایکنے والی جلد کے لیے اینٹی اوکسی ڈنٹ کا استعمال بے حد ضروری ہے جو انناس میں وافر مقدار میں موجود ہیں ۔یہ اینٹی اوکسی ڈنٹ جلد کو ہموار کرتا ہے اور بیکٹیریل انفیکشن سے بچاتا ہے ۔ وٹامن اے اور وٹامن سی جلد کی جھریوں، دھوپ کے نقصانات اور جلد کو ناہموار ہونے سے بچاتا ہے۔ انناس کا رس ایکنی کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہے۔
چمکدار جلد کے لیے
جلد کو چمکدار بنانے کے لیے انناس کے رس کے ساتھ ادرک اور لیموں کا رس بھی شامل کریں۔
انناس میں 3لیموں اور ایک انچ موٹا ادرک کا ٹکڑا ملا کر جوس نکال کر پئیں۔انناس ، کھیرا چقندر اور پارسلے کا جوس بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جس کے لیےایک انناس ، 2کھیرے ، 2چقندر اور ایک گڈی پارسلے ملا کر جوس نکالیں۔
صحت مند جلد کے لیے
صحت مند اور تروتازہ جلد کے لیے انناس ،کھیرا اور سیب کا جوس ملا کر پئیں ۔ اس کے لیےآدھا انناس ایک سیب اور ایک کھیرا استعمال کریں۔
یہ مزیدار اور مفید پھل نا صرف آپ کی جلد بلکہ آپ کے پورے جسم کے لیے فائدہ مند ہے اس لیے انناس کا رس روزانہ پئیں اور صحت مند رہیں ۔
انناس کا خالص رس
اکثر لوگ ڈبوں میں پیک انناس کارس استعمال کرتے ہیں کیونکہ انناس کا تازہ رس ہر جگہ نہیں ملتا ۔ لیکن اگر آپ کو انناس با آسانی مل جائے تو اس سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کے لیے گھر پر اس کا جوس نکال کر روزانہ پئیں یااپنی روز مرہ غذا میں انناس کا رس شامل کریں اورجِلد کو حیرت انگیز حد تک خوبصورت بنائیں۔ انناس کو دوسرے پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ ملا کر اور بھی موثر بنایا جاسکتا ہے۔