سکھر (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف ضلع سکھر کے صدر مبین احمد جتوئی نے کہا ہے کہ گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی بجلی کی طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس سے کاروبار زندگی مفلوج ہوگیا ہے، شہری علاقوں میں 12 سے 16 جبکہ دیہات میں 14 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ سیپکو انتظامیہ کے پاس بجلی بند کرنے یا چلانے کا کوئی بھی شیڈول موجود نہیں ہے، ان کا جب دل چاہتا بجلی بند کر دیتے ہیں اور جب دل چاہتا بجلی فراہم کردی جاتی ہے بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے کاروبار زندگی متاثر ہورہا ہے۔ وہ اپنی رہائشگاہ پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ مبین احمد جتوئی نے کہا کہ وزیر مملکت عابد شیر علی صرف سیاسی بیانات دیتے ہیں باقی اپنے محکمہ کی طرف ان کی کوئی توجہ نہیں، سندھ کے عوام پر اوور ریڈنگ اور اضافی بجلی کے بل بھیج کر بلاوجہ سندھ کو مقروض کیا جا رہا ہے۔ اگر وفاقی حکومت نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں کیا گیا تو سیپکو چیف کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہوجائینگے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، ن لیگ کو جب بھی اقتدار ملا، انہوں نے سندھ کے حقوق پر قبضہ کیا، سندھ ریونیو کے حساب سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو ریونیو جمع کرنے میں سب سے آگے ہے، اس کے باوجود سندھ کو معاشی طور پر پیچھے دھکیل نے کی سازش کی جا رہی ہے، جس کے خلاف تحریک انصاف خاموش نہیں بیٹھے گی۔