مردان( نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام( ف ) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے ملک سے اسلامی اقدار کا جنازہ نکال دیا ہے، پی ٹی آئی نے صوبے کو قرضوں میں جکڑدیا، فاٹا خیبر پختونخوا انضمام کے مخالف نہیں ،ترقی قرض لینے سے نہیں بلکہ تجارت کو مزید وسعت دینے سے آتی ہے، پختونخوا میں پی ٹی آئی نے جتنا قرضہ لیا ہے ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں پیر فواد کی رسم نکاح کے موقع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر وفاقی وزیر اکرم خان درانی،سینیٹر مولانا عطاء الرحمان،ضلعی امیر مولانا محمد قاسم،مولانا امانت شاہ حقانی،مفتی سلیم حلیمی،مولانا قیصر الدین،مولانا اسرار الحق بھی موجود تھے،مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم فاٹا کے انضمام کے مخالف نہیں بلکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ قبائلی عوام کا فیصلہ انکی مرضی کے مطابق کیا جائے۔