اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت اطلاعات ونشریات قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پہلی موٹر وے،سی پیک،11ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار سمیت ہر عوامی خوشحالی کے ہر بڑے منصوبے پر محمد نواز شریف کی مہر ثبت ہے اس وقت چترال سمیت ہر اس جگہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ صفر ہے جہاں پر بجلی چوری نہیں اور صارف بجلی کے بل ادا کررہے ہیں۔ محمد نواز شریف نے 2013میں پارٹی منشور میں جو بھی وعدے کئے ہیں وہ پورے کر دکھائے ہیں۔عوام ووٹ کو عزت دو کے موقف پر محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ساری سیاسی پارٹیاں ہمارے خلاف متحد ہیں لیکن جس کی نیت صاف ہو اور اللہ کا فضل و کرم ساتھ ہو اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں ہمیشہ بیرونی سرمایہ کاری بڑھی ہے آمریت کے ادروار میں بیرون سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔پیپلز پارٹی کے دور میں زرداری حکومت کے ہاتھ دوسروں کی جیبوں میں ہوتے تھے۔ بدھ کی رات بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایئر پورٹ پرایئر لیگ کے جلسہ سے خطاب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ایئر لیگ کے جلسہ میں خواتین کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اللہ کے فضل و کرم سے الیکشن کا پرامن انعقاد ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر1990 کی دہائی میں موٹر وے نہ بنتا توآج سی پیک کیسے روڈ نیٹ ورک کے ساتھ منسلک ہوتا۔ہمارے مخالفین کو خوف ہی اسی بات کا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جو عوامی خدمت کے منصوبے مکمل کر رہی ہے یا کر چکی ہے اس سے عوام کو سہولت ملے گی اور ملک کا مستقبل روشن ہوگا اور آئندہ الیکشن میں ان مخالفین کو نہیں بلکہ دوبارہ مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ ملیں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان میں جب جب محمد نواز شریف اقتدار میں آئے ہیں تو جہاں عوامی خوشحالی اور ملکی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا وہی پر بیرونی سرمایہ کاری بھی اپنے عروج پر رہی ہے پوری دنیا محمد نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے۔