اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس میں 3نامزد ملزمان کے خلاف استغاثہ کے گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنے کی کارروائی موخر کر دی ہے۔
اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔
دوران سماعت تین نامزد ملزمان کے خلاف استغاثہ کے گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنے کی کارروائی موخر کردی گئی ۔
عدالت کو معاون وکیل کی طرف سے بتایا گیا کہ ملزم سعید احمد کے وکیل بیمار اور اسپتال میں داخل ہیں، اس لیےگواہوں کے بیانات آئندہ سماعت پر ریکارڈ کیے جائیں ۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ کیا حشمت حبیب پہلے سے شوگر کے مریض ہیں؟ معاون وکیل نے بتایا کہ حشمت حبیب ایڈووکیٹ کی شوگر کا مسئلہ ہے جو کافی بڑھ گئی اور پانچ سو سے زائد ہو گئی ہے ، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی ۔
عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد گواہوں کو طلب کر رکھا تھا۔