• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں غیرمتعلقہ افراد کی سکیورٹی ختم، 4610 اہلکار واپس چیف جسٹس کی آئی جی کو شاباش

لاہور (نمائندہ جنگ)پنجاب میں غیرمتعلقہ افراد کی سکیورٹی ختم کر دی گئی۔ وی آئی پیز کی حفاظت پر مامور 4610 اہلکار واپس بلا لئے گئے۔چیف جسٹس نے رپورٹ کی تیاری پرآئی جی کو شاباش دی۔عدالت نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکی پالیسی کے مطابق جن کو سکیورٹی کی ضرورت ہے، انہیں ضرور سکیورٹی دیں، یہ نہ ہو کہ کل کوئی سانحہ سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے ہوجائے۔چیف جسٹس پاکستان پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے وی آئی پیز کو دی جانے والی سکیورٹی واپس لینے کیلئے از خود نوٹس کی سماعت کی۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس نے 2 روز قبل سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران چاروں صوبوں کے آئی جیز کو غیر متعلقہ افراد سے سکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا جس پر آئی جی پنجاب نے وی آئی پیز سے کی سکیورٹی پر مامور اہلکار واپس لینے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں 1853 اہم شخصیات سے سکیورٹی واپس لی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ مجموعی طور پر وی آئی پیز کی سکیورٹی پر مامور 4610 اہلکار واپس بلا لئے گئے ہیں جن میں سے 297 اہلکار سیاستدانوں، 527 اہلکار سول ایڈمنسٹریٹوآفیسرز،469 اہلکار ماتحت عدلیہ کے ججز، 54 اہلکار میڈیا پرسنز اور 23 اہلکار وکلاء کے ساتھ اضافی سکیورٹی کے نام پر ڈیوٹی دے رہے تھے جنہیں واپس بلوا لیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے ریماکس دیئے کہ میری رپورٹ کے مطابق، 7000 اہلکار سکیورٹی پر تھے۔عدالت نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکی پالیسی کے مطابق جن کو سکیورٹی کی ضرورت ہے، انہیں ضرور سکیورٹی دیں، یہ نہ ہو کہ کل کوئی سانحہ سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے ہوجائے۔چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو رپورٹ جمع کروانے پر شاباش دی اور ان کے کام کی تعریف کی۔
تازہ ترین