• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2018انتخابات ملک وقوم کیلئے روشن وتابناک ہونگے، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 2018انتخابات ملک و قوم کیلئے روشن و تابناک ہونگے، ملک سے مغرب کے بے حیا اورناچ گانے کلچر کے مقابلے میں قرائت و نعت کے کلچر کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس فتنے کے زمانے میں آج کے دور کا ولی وہ نہیں کہ جو صبح و شام ذکرونماز میں مصروف رہے بلکہ ولی اللہ وہ ہے جو خود اور اپنے بچوں کو حلال کھلائے کیونکہ حرام کا نوالہ انسان کی عبادت کا اثر ختم کردیتا ہے۔ بات وہ وزن والی ہے جو مدرسہ کے اپنے اوپر اثر و تبدیلی کا باعث بنے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ شعبہ فہم دین کے تحت منعقدہ دو روزہ تربیت گاہ برائے مدرسین کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سندھ بھر سے مدرسین شریک تھے۔ صوبائی نائب امیر و نگراں شعبہ فہم دین حافظ نصراللہ عزیز، مرکزی نائب قیم حافظ ساجد انور، صوبائی نائب امیر محمد حسین محنتی، نائب امیر عظیم بلوچ ،آفتاب ملک اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی سندھ کی قیادت کو شعبہ فہم دین کے پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن ہمارا اوڑھنا بچھونا اورزندگی کادستور بن جائے تو کوئی نظام ہمیں اپنی راہ راست سے ہٹا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے تحت ہر سال دورہ تفسیر ہوتا ہے جسمیں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوتے ہیں اس سال بھی قرآن کے پیغام کو عام کرنے کے سلسلے میں29 اپریل سے40 روزہ دورہ تفسیر کا اہتمام کیا گیا ہے صوبہ خیبر پختونخواہ کے چیف خطیب اور صوبائی نائب امیر مولانا محمد اسمعیل دورہ قرآن کے مدرس ہوںگے۔انہوں نے عوام الناس باالخصوص تحریکی احباب سے اپنی مصروفیات میں سے دورہ قرآن میں شرکت کے لیے وقت نکالیں۔ہم منصورہ میں احباب کے میزبان ہوں گے۔ بعدازاں جامع مسجد الہدیٰ ، نزد پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی میں جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے تحت دو روزہ مرکزی سالانہ اجتماع برائے ارکان و امید واران کے پہلے دن خصوصی خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 2018کے انتخابات ملک اور قوم کے لیے روشن اور تابناک مستقبل کی نوید لے کر آئیں گے، انتخابات میں غلامان امریکہ اور غلامان مصطفیٰ ؐ کے درمیان مقابلہ ہوگا، ملک اور قوم کا درد رکھنے والوں اور ملک اور قوم کو لوٹنے والوں کے درمیان مقابلہ ہوگا، کرپشن کے خلاف تحریک آج بھی جاری ہے اور ہم کرپشن سے پاک اور ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان کے قیام کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ کی روحانی اور علمی محفل میں شرکت میرے لیے باعث سعادت ہے ، دینی تعلیمی اداروں سے وابستہ نوجوان ایک سرمایہ ہیں ، جمعیت طلبہ عربیہ کے نوجوان انقلاب کے لیے قیادت اور امام تیار کرتی ہے اور ایک عظیم مقصد اور نصب العین کے گرد جمع کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں سودی معیشت رائج ہے اور حکمران اس کو قائم کرنے پر مصر ہیں، ہم سودی معاشی نظام سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ہمارے پاس ملک میں تبدیلی کے لیے ایک اسلامی معاشی نظام اور اخلاقی روایات پر مشتمل نظام کا ایجنڈا ہے ، اسلامی نظام میں کوئی غریب بچہ روٹی ، تعلیم ، علاج اور چھت سے محروم نہیں ہوگا،حکمران عوام کے خادم ہوں گے اور عدالت میں غریب کو بھی انصاف ملے گا ۔ حکمران غریبوں کے وکیل اور سہارا ہوں گے ۔اجتماع سے نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان مولانا حافظ ساجد انور شاہد، منتظم جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان عبید اللہ عباسی ، امین عام پاکستان الطاف کاشمیری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع پنڈی مولانا عارف شیرازی ،نائب امیرجماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان ، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدا لوحید ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، مرکزی میڈیا کوآر ڈی نیٹر سر فراحمد و دیگر بھی موجود تھے ۔
تازہ ترین