• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوتھ کو بااختیار بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے،حمزہ شہباز

لاہور(پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما وممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ مربوط پالیسی کے ساتھ یوتھ کو بااختیار بنانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ینگ انٹیر پرینیورز کے طور پر کام کرنے والے نوجوانوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے ایک ہفتے میں اس ضمن میں کمیٹی کے قیام، ٹھوس تجاویز اور سفارشات کی ہدایت کی تا کہ ابتدائی طور پر پنجاب کی سطح پر پیش رفت ہو سکے۔ حمزہ شہباز نے خودبزنس کرنے والے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہی اس ملک کی تقدیر ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے دیرپا پالیسیاں بنانا ہونگی۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی حکومت سرخ فیتے کے نظام کے ساتھ نہیں چل سکتی، وقت بدل چکا ہے، اب روائتی نظام کو خیر باد کہتے ہوئے کارپوریٹ سٹرکچر کو آگے لانا ہوگا اور ترقی کے ماڈل سنگاپور اور ملائیشیا کو سامنے رکھتے ہوئے ملک کی یوتھ کو نئے ویژن کے ساتھ آگے آنا ہوگا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ کسی بھی حال میں نظام کا تسلسل انتہائی ضروری ہے تا کہ جمہوریت اور حکومت کے ثمرات آئندہ نسل کو منتقل ہوتے رہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اب کسی کی نہیں اس ملک کی ترقی وخوشحالی کی باری آنی چاہیے اور 2013ء کے پاکستان کا آج 2018ء سےموازنہ کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ سے لے کر دہشتگردی تک کے مسائل پر قابو پانے کا اعتراف کرنا چاہیے۔
تازہ ترین