پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدرشاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نواز شریف جو بیانیہ پیش کررہے ہیں اگر اس پر قائم رہے تو ان کی جماعت دولخت ہوجائے گی، پنجاب میں پیپلز پارٹی کی جس تیزی سے پوزیشن گررہی ہے وہ حکومت نہیں بناسکے گی۔
اوباڑو میں پیپلز پارٹی کے رہنما علی نوازچاچڑ کی رہائش گاہ پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بروقت اور شفاف انتخابات ہونے چاہئیں، امید ہے سپریم کورٹ شفاف الیکشن کی نگرانی کرے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جن کو جرنل ضیاء اور مشرف قائل نہ کرسکے آج وہ پی ٹی آئی میں آرہے ہیں، عمران خان نے سندھ کی ذمہ داری سنبھالنے کو کہا ہے، بہت لیٹ کہاہے مگر کوئی بات نہیں، سندھ کے حالات سے مایوس نیا نوجوان طبقہ پیدا ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور ن لیگ کو دیوار سے نہیں لگایا جارہا، وہ اپنے کہے اور سنے پر غور کریں جو بیانیہ پیش کررہے ہیں، اگر اسی بیانیہ پر قائم رہے تو ان کی جماعت دولخت ہوجائے گی۔