• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہاٹ،سویٹ کی شکل میں زہر بیچا جا رہا ہے ،کامران یوسفزئی

پشاور(سٹی رپورٹر) خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈحلال فوڈ اتھارٹی کوہاٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کامران یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ضلع کوہاٹ میں مٹھائیوں کا روزگار کرنیوالے سویٹ کی شکل میں زہر بیچ رہے ہیں جس میں نان فوڈ گریڈ کلرز کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ ماہرین کے مطابق سرطان کا سبب بن سکتا ہے۔ کے پی فوڈ اتھارٹی کوہاٹ دفتر کی فعالیت کی ایک ماہ کی جائزہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کوہاٹ کامران یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آدھے سے زیادہ جرمانہ کئے گئے بیکرز انسانی صحت کیلئے غیر موضوع نان فوڈ گریڈ کلرز کا استعمال کررہے تھے جن پر نہ صرف بھاری جرمانہ کیا گیا بلکہ متنبہ بھی کیا گیا ہے کہ آئندہ کیلئے مضر صحت کلرز کا استعمال نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے جائیگی۔ کامران یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 21 مارچ کو ان کے دفتر نے ضلع کوہاٹ میں باقاعدہ کام کا آغاز کیا اور 29 مارچ کو ضلع بھر کی تاجر برادری کے ساتھ ملاقات ہوئی جس کے بعد کوہاٹ میں کے پی فوڈ اتھارٹی کے دفتر نے آپریشنز کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے 158 اشیائے خورد ونوش کی جگہیں چیک کی ہیں جن میں سے 16 کو جرمانہ کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جرمانہ کئے گئے تمام بیکرز، آئس کریم کے کارخانے اور دیگر جگہوں پر مضر صحت رنگوں کا استعمال پایا گیا جو کہ مختلف بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک نان فوڈ گریڈ کلرز کے علاوہ ناقص صفائی، زنگ آلود برتنوں اور چائنہ سالٹ کے استعمال سمیت مس لیبلنگ پر ایکشن لئے جاچکے ہیں ۔ کامران یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ایک مہینے کے دوران پانچ لاکھ چالیس ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ 127 سے زائد کے نوٹسز کا اجراء کیا گیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک ماہ میں مختلف آپریشنز کے دوران تین سو ساٹھ کلوگرام سے زائد کی زہر الود مٹھائی اور دو سو لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا جاچکا ہے۔
تازہ ترین