اسلام آباد(آئی این پی)پی آئی اے میں بدانتظامی اور بے قاعد گیوں پر قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے وفاقی سیکریٹری ہوابازی کو خط لکھ دیا ،خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اعلی ٰعہدوں پر سینئر آفیسرز موجود ہوتے ہوئے بھی تعینات نہیں کیا گیا، پی آئی اے انتظامیہ اس معاملے پر پی اے سی کو تفصیلی بریفنگ دے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی اے سی کے نوٹس میں یہ آیا ہے کہ پی آئی اے میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دہری شہریت کے حامل افراد کوبھی اعلی عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے ۔ان عہدوں میں سی ای او، چیف کمرشل آفیسر، چیف ایچ آر، لیگل کنسلٹنٹ، چیف آئی ٹی افسر وغیرہ شامل ہیں۔ ادارے میں سینئر آفیسرز موجود ہوتے ہوئے بھی انہیں ان عہدوں پر تعینات نہیں کیا گیا۔لیگل کنسلٹنٹ اپنی ذمہ دا ریوں کی بجائے انتظامی امور چلا رہے ہیں۔اس کے علاوہ قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جونئیر افسران کو سینئر عہدوں پر بٹھایا گیا ہے۔