اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں بر وقت انتخابات کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہونا چاہیے ، آئین و قانون کی بالادستی کا عزم اور جمہوریت کے ساتھ چیف جسٹس کی کمٹمنٹ حوصلہ افزا اور قابل تحسین ہے ،اب ضرورت اس امر کی ہے کہ انتخابات بروقت ہوں الیکشن میں ایک دن کی تاخیر بھی جمہوری عمل کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے ،الیکشن سے قبل نگران حکومت غیر جانبدار ہونی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی صدارت میں منصورہ میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سینیٹر سراج الحق نے حکومت کے ایئر پورٹس کی نجکاری کے ارادہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عمدا ًاور قصداًاداروں کو ناکام بنا کر انہیں ٹھیکیداروں کے حوالے کرنے کا ایک مستقل پروگرام رکھتی ہے جو کسی طرح بھی سیکورٹی کے لحاظ سے ٹھیک نہیں اور نہ ہی اس میں کوئی قومی مفاد ہے ۔