• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈبلیوڈی ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی تک تنخواہ نہیں لونگا، چیف جسٹس

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ(پی ڈبلیو ڈی) کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اعلان کیا ہے جب تک پی ڈبلیو ڈی کے ان ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل جاتیں وہ اسوقت تک اپنی تنخواہ بھی نہیں لینگے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے منگل کے روز پی ڈبلیو ڈی ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی تو فاضل چیف جسٹس نے پوچھا کہ سیکرٹر ی خزانہ کدھر ہیںان کی یقین دہانی کے باوجود ان ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملی ہیں، انکے ساتھ بھی پیٹ لگا ہوا ہے، کل رات تک ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی تھی، سرکاری افسران کو اور ہمیں (ججوں کو)یکم کو تنخواہ مل جاتی ہے۔ انہوںنے اعلان کیا کہ جب تک پی ڈبلیو ڈی کے ان ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل جاتیں، اس وقت تک وہ بھی اپنی تنخواہ نہیں لینگے۔ انہوںنے سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا حکم ہے کہ میرے اکائو نٹ میں میرا چیک ڈیپازٹ نہیں کرانا ہے،میں پہلے دیکھوں گا کہ پی ڈبلیو ڈی کے تمام ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی ہوگئی ہے تو پھر کہوں گا کہ چیک میرے اکائو نٹ میں ڈیپازٹ کرا دیں۔ بعد ازاںفاضل چیف جسٹس نے اپنے حکم میں لکھوایا کہ اب یہ عام ہو گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو یکم کو تنخواہیں نہیں ملتی،اسلئے جب تک پی ڈبلیو ڈی کے تمام ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی نہ ہو جائے۔ چیف جسٹس کو تنخواہ بھی نہ دی جائے، چیف جسٹس کی تنخواہ کا چیک اکائونٹ میں نہیں جائیگا، پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی تصدیق کے بعد چیک چیف جسٹس کے اسٹاف کو دیا جائے۔
تازہ ترین