• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیبل ٹینس ٹیم(سبطین گروپ) کو سویڈن جانے سے روک دیا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک میں دو ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے اثرات اب قومی کھلاڑیوں پر بھی پڑنے لگے، جمعرات کو پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن (سبطین گروپ ) سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو لاہور ائیر پورٹ پر ایف آئی اے کے حکام نے عالمی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کیلئےسویڈن جانے سے روک دیا۔ چیمپئن شپ 29اپریل سے شروع ہو رہی ہے۔ ایف آئے اے حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم کے پاس وزارت داخلہ کا لیٹر نہیں، صرف ویزے ہیں۔ کھلاڑیوں میں عاصم قریشی، عائشہ اقبال، فاطمہ خان، محمودہ اور رمیز جبکہ عرفان اللہ خان منیجر اور کوچ شامل ہیں۔ پاکستان کی مردوں کی ٹیم کو اپنا پہلا میچ 29 اپریل کو کیوبا کے خلاف کھیلنا ہے، اسے اپنے گروپ میں تیونس، پیرو، انڈونیشیا اور ویت نام سے بھی مقابلہ کرنا ہے۔ خواتین ٹیم 29اپریل کو اپنا پہلا میچ ملائیشیا سے کھیلے گی۔ کھلاڑیوں نے جنگ کو بتایا کہ ہم نے فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین کو تمام صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ چندروز قبل اسپورٹس بورڈ کی تسلیم شدہ خواجہ حسن ودود کی فیڈریشن سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے نیپال میں ہونے والی سائوتھ ایشین جونیئر اور کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کی تھی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سکریٹری خالد محمود نے واقعےکو آئی او سی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان کو خط بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں نہ صرف حکومتی ادارہ کی جانب سے کھلاڑیوں کو روکنے پر احتجاج کے ساتھ اس اقدام پاکستان پر ممکنہ پابندیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ ادھر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن ( سبطین) کے سکریٹری احمر ملک نے کہا ہے کہ ان کی فیڈریشن کو پاکستان اولمپک اور عالمی فیڈریشن تسلیم کرتی ہے مگر پاکستان میں دانستہ کھیل کے شعبے میں متوازی فیڈریشن بنانے کا فیشن بن گیا ہے اور ان کی سر پرستی کر کے کھیلوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، اس حوالے سے فیڈریشن قانونی کاروائی کرے گی۔  
تازہ ترین