• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاست میں مداخلت،پارٹیاں توڑنا اوربناناملکی استحکام تباہ کرنا ہے،محمود اچکزئی

چمن (آئی این پی ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی محمودخان اچکزئی نے چمن کے مختلف علاقوں کلی بوستان ،کلی ڈبری اور کلی جلال حسین زئی میں قبائلی معتبرین اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہسیاست میں مداخلت،پارٹیاں توڑنا اوربناناملکی استحکام تباہ کرنا ہے، ہم آئین وقانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی بالادستی ، قوموں کی برابری کے اصولی جمہوری موقف پر ہمیشہ قائم رہے ہیں،ملکی سیاست اور نظام حکومت میں ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود کے دائرہ میں رہ کر اپنی ذمہ داریوں کوانجام دینا ہوگا، لہٰذا کسی بھی ادارے کی جانب سے سیاست میں مداخلت ، سیاسی پارٹیاں بنانے اور توڑنے کا غیر آئینی ، غیرجمہوری طرز عمل ملک کے وفاقی پارلیمانی نظام،عوام کی ترقی وخوشحالی اور ملکی استحکام کو تباہ وبرباد کرنے کے مترادف ہے۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کا راز اسی میں ہے کہ سیاست میں ادارے مداخلت نہ کریں اور تمام اقوام کو ان کے ساحل وسائل پر اختیار دیا جائے اور اس ملک میں اگر کسی کو غلام رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے تو یہ کھیل غلط ہے اور یہ بندہونا چاہئے۔ محمودخان اچکزئی نے کہاکہ پاک افغان بارڈر پر خاردار باڑ لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ دہشت گردوں کو باڑ لگانے سے نہیں روکا جاسکتا ہے اور دہشت گردی اس وقت ختم ہوسکتی ہے جب پاکستان اور افغانستان مل بیٹھ کر ایک دوسرے کے ممالک میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل کریں تب جاکریہ دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کے بہترین دوست اوربھائی بن سکتے ہیں مگر ایسا کبھی نہیں ہوگا کہ آپ دوسروں کے گھر میں پتھرپھینکتے ہو اور اُن سے پھول نچھاور کرنے کی توقع رکھتے ہو یہ بے وقوفی نہیں ہے تو اور کیا ہے؟۔ محمودخان اچکزئی نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرنا ک نتائج برآمدہونگے اور عوام کی رائے کا احترام کرنا سب پر لازم ہے۔
تازہ ترین