کراچی (اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی نے صدر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہو ئے سکھر سے کراچی آنے والے کالعدم تنظیم کے 3دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی انویسٹی گیشنکو خفیہ اطلاع ملی کہ دہشت گردوں کا ایک گروپ کراچی پہنچ گیا ہے جس پر پولیس نے صدر کے علاقے دائود پوتہ روڈ حاجی رب نوازبیکری کے قریب کارروائی کرتے ہو ئے 3دہشت گردوں یوسف ،اکبر اور معصوم کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چندے کی 3رسید بکیں برآمد کرلیں ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ثاقب اسماعیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور دہشت گرد کراچی اورکوئٹہ میں تخریبی کارروائیوں کے ساتھ قتل میں بھی ملوث ہیں ،انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد وں میں سے 2کا تعلق کراچی اور ایک کا پنجاب سے ہے جبکہ دہشت گرد اپنی کالعدم تنظیم کے لیے چند ہ جمع کرنے کا ٹاسک لے کر کراچی آئے تھے ،دہشت گردوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 2014میں ڈیفنس میں ایک شخص محمد حسین کو قتل کرنے کے لیے فائرنگ کی تاہم وہ زخمی ہو کر اسپتال میں داخل ہو گیا تاہم ایک ماہ بعد جب وہ صحت یاب ہو کر اسپتال سے باہر نکلا تو اس کو دوبارہ فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔