• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کسی کو غلام رکھنے کا پرانا کھیل اب بند ہونا چائیے ،محمود اچکزئی

چمن (آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمودخان اچکزئی نے چمن کے مختلف علاقوں کلی حاجی حبیب اللہ ملے زئی شادی زئی ، حاجی فیض اللہ خان عشے زئی ،کلی گلدار باغیچہ اور کلی اڈہ کہول میں اپنے دورے کے دوران مقامی قبائلی معتبرین اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ گھر میں انصاف نا ہو تو وہ بھی نہیں چل سکتا، ملک میں کسی کو غلام رکھنے کا پرانا کھیل اب بند ہونا چائیے، الیکشن میں عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے خطرنا ک نتائج برآمدہوں گے، پاکستان ہم سب کا مشتر کہ گھر ہے اور گھر میں پورا انصاف ہوگا تو گھر نہ صرف چلے گا بلکہ بہت زیادہ مضبوط بھی ہوگا اگر گھر میں انصاف نہیں ہوگا تو وہ گھر نہیں چل سکتاوہ گھر ٹوٹ ہی جاتا ہے ۔ ملک میں پشتون ،سندھی ،سرا ئیکی،بلوچ اور پنجابی کی زمین سے نکلنے والے وسائل پرسب سے پہلے ان کا ہی حق ہے ۔ محمودخان اچکزئی نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر خاردار باڑ لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ دہشت گردوں کو باڑ لگانے سے نہیں روکا جاسکتا ، دہشت گردی اس وقت ختم ہو سکتی ہے جب پاکستان اور افغانستان مل بیٹھ کر ایک دوسرے کے ممالک میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل کریں تب جا کر یہ دونوں ہمسائیہ ممالک ایک دوسرے کے بہترین دوست اوربھائی بن سکتے ہیں ۔ ہم افغانستان کو دنیا میں سب سے اچھا اور بہترین دوست بناسکتے ہیں اور افغانستان کو ہم اپنی تجارتی مصنوعات کے لئے سب سے بڑی منڈی بنا سکتے ہیں اور اس سے ہماری تجارت کو بہت زیادہ فروغ ملے گا اور اس کا فائدہ افغانستان کو بھی ہوگا ۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ افغانستان ایک آازاد ملک ہے ہم ان کی آزادی اور خومختاری کا احترام کرناہوگا اور پاکستان کو یہ خواب اب دل سے نکالنا پڑیگا کہ افغانستان اپنے دوست اور دشمن کا انتخاب پاکستان کے کہنے پر کریگا اوردنیا میں یہ اصول ہے کہ اگر آپ کسی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کروگے تو وہ آپ کے دشمن سے ہاتھ ملائیگا اوریہی کچھ افغانستان اور بھارت کے درمیان ہورہا ہے۔ 
تازہ ترین