لاہور(خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے خواتین سے متعلق رانا ثنا اللہ کے بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معذرت تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صوبائی وزیر قانون سے استعفیٰ لیا جائے۔ احاطہ اسمبلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا شہباز شریف خواتین کی اگر واقعی عزت کرتے ہیں تو رانا ثنا اللہ کی جانب سے معافی مانگنے کی بجائے ان سے استعفیٰ لیں، جس نے جرم کیا اسکے معافی مانگنے تک اسمبلی کارروائی نہیں چلنے دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مائیں ،بہنیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں اور سیاسی مخالفت کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں لیکن اخلاق سے گری ہوئی باتیں کر نے والوں کے گھروں پر شاید مائیں بہنیں موجود نہیں۔