لاہور(آئی این پی ) لاہورہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو 7 مئی کو طلب کرلیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں فل بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے احسن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 مئی کو طلب کرلیا۔ درخواست گزار ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے متفرق درخواست میں کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں بھی وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی نے کہا کہ احسن اقبال نے اپنے بیان میں چیف جسٹس کی توہین کی، انہیں آئین کے آرٹیکل 63-62 کے تحت نااہل قراردیا جائے، احسن اقبال سے 2008 سے اب تک وصول کی گئی تمام مراعات اور تنخواہ بھی واپس لی جائے۔