بھارتی ریاست بہار میں مسافر بس میں آگ لگنے سے کم از کم 27افراد جل کر ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ جمعرات کو اُس وقت پیش آیا جب مظفرپور سے نئی دہلی جانے والی مسافر بس بہار کے بیلوا گاؤں کے قریب الٹ گئی،جس کے بعد اُس میں آگ لگ گئی۔
ریاست کے وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ دنیش چندرا یادیو نے حادثے میں 27افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق بدقسمت بس میں سوار صرف چار افراد کو بچایا جاسکا ، جنہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کے دوران بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی اورلوگوں کے مدد کے لئے پہنچنے سے پہلے ہی اُس میں آگ بھڑک اٹھی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بس حادثے میں جانوں کےضیاع پر افسوس اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران سانحہ کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور افسوس کا اظہار کیا۔