اٹک،بنوں (مانیٹرنگ سیل،صباح نیوز) اٹک میں ایک اہم سرکاری ادارے کی بس پر خودکش حملہ کے نتیجے میں 2افراد شہید جبکہ 13زخمی ہوگئے ہیں، بنوں میں بھی فورسز پر حملہ، 2اہلکار زخمی ہوگئے۔ آرپی او راولپنڈی کے مطابق سرکاری ادارے کے ملازم چھٹی کرکے گھر جارہے تھےکہ اٹک میں بسال روڈ پر ڈھوک گاما کے قریب بس اسپیڈ بریکر عبور کرنے کے لئے آہستہ ہوئی تو حملہ آور کی طرف سے فائرنگ کردی گئی اوربس میں سوار ملازمین کو نشانہ بنایا گیا جس میں 13 افراد زخمی ہوئے، حملہ آور کی جانب سے فائرنگ رکتے ہی ڈرائیور نے بس سے اتر کر فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم حملہ آور نے بارودی مواد کے ذریعے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور اور ایک راہگیر شہید ہوگئے جب کہ دھماکے میں حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔ علاوہ ازیں بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اہلکارشدید زخمی ہوگئے، سکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پرتھی، حملہ ریمو ٹ کنٹرول کیا گیا سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔