سکھر (بیورو رپورٹ/ چوہدری محمد ارشاد) آل سندھ انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ لاڑکانہ نے جیت لی، کراچی کی ٹیم کو 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاڑکانہ کی جانب سے آصف مائیکل، فیاض اور زاہد نے گول کر کے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا، جبکہ کراچی کا واحد گول محمد عمران نے بنایا۔کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ فائنل میں لاڑکانہ کی ٹیم چھائی رہی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ خیرپور ، سکھر، گھوٹکی تینوں اضلاع میں ہاکی کے زیادہ سے زیادہ مقابلے منعقد کرائے جائیں اور اسکولوں کے سطح پر ہاکی کے کھیل کے کوچنگ کیمپ منعقد کئے جائیں ۔ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن ، ڈویژنل یا ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن جو بھی ہاکی کے کھیل کی ترقی کے لئے کوششیں کرے گی انتظامیہ کا بھرپور تعاون ان کے ساتھ ہوگا، انہوں نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد رمضان جمالی اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین کی خدمات کو سراہا۔